لاہور، 8 اپریل(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ”میرا پیارا ” ایپ پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر”میرا پیارا ایپ” کے لئے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ۔
اجلاس میں ”میرا پیارا” ایپ کو فوری طورپر لانچ کرنے کے لئے اقدامات کا حکم دیا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ” میرا پیارا“ایپ کو فول پروف اورممکنہ حد تک مستند بنایا جائے۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ ”میرا پیارا ”ایپ پر سپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظر رجسٹرڈ کیاجاسکے گا۔”میرا پیارا“ ایپ پر گمشدہ اور باز یاب بچے یا فرد کی رپورٹ بھی کی جاسکے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس ایپ پر گمشدہ اور باز یاب بچوں کی تلاش ممکن ہوسکے گی۔پنجاب میں 2629 گمشدہ بچے رجسٹرڈ ہیں،259 بچے باز یاب ہوچکے ہیں جبکہ 25 گمشدہ بچوں کو کامیابی کے ساتھ خاندان سے ملا دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ”میرا پیارا” ایپ پر شہری بھی بچے کی گمشد گی کی رپورٹ کرسکیں گے۔ ناخواندہ لوگ پولیس فرنٹ ڈیسک، تحفظ مرکز اور پولیس خدمت مرکز پر بھی رپورٹ کرسکتے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور شیلٹر ہومز پر ”میرا پیارا“ایپ کے ذریعے تلاش اور بازیابی کی رپورٹ ممکن ہوگی۔گمشدہ بچوں یا افراد کی تصویر، رنگ و نسل اور فنگر پرنٹس کے ذریعے فیملی سے ملایا جاسکے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آخری مرحلے میں گمشدہ بچوں وافراد کے والدین اور بازیاب بچوں و افراد کے والدین کا ڈی این اے ہوگا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء عامر میر،ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی، ڈی آئی جی آپریشنز،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، چیف ٹریفک آفیسر، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











