جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا ہے؛ امجد شعیب خان

21

ملتان، 03اپریل(اے پی پی ): سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا ہے، تمام افسران اور سٹاف ممبران عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدے کا چارج لینے کے بعد محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ عوامی شکایت کا بروقت ازالہ ہمارا فرض ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے آفس آنیوالی شکایات کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے اور کرائم کے حوالے سے شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سرخ فیتے کے نظام کو دفن کردیا جائے اور آج کا کام آج کرنے کی روایت اپنانی جائے۔انہوں نے ڈیوٹی اوقات کی پابندی کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

اس موقع سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹنمنٹ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری سروسز نے سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی بلڈنگ کے منصوبے  پر پیش رفت کا جائزہ لینےکے لئے اجلاس منگل کو طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں  ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب  محمدفاروق ڈوگر،ڈپٹی سیکرٹریز علی عاطف  بُٹر، عبدالصبور ٹھاکر، سیکشن آفیسر وجیہہ رسول، پرٹوکول آفیسر تیمور اسلم اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔