جوھرآباد، 29 اپریل( اے پی پی ): پنجاب ھائی وے پٹرولنگ خوشاب کے زیر اھتمام کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل کی ڈرائیونگ سے روکنے اور حادثات سے بچانے کے لئے جوہر آباد اور میانوالی مین شاہراہ بندیال کے مقام پرڈی ایس پی پٹرولنگ رانا غلام مجتبی کی نگرانی مین خصوصی آگاھی مہم چلائی گئی، انھوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس مہم کا جائزہ لیا اورمتعدد نو عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلاتے ہوئے روکا۔ ان بچوں کے والدین اور لواحقین کو فون پر بلایا گیا۔ ڈی ایس پی پنجاب ھائی وے پٹرولنگ اور دیگر پٹرول افسران نے بچوں کے والدین سے حلف نامہ لیا کہ وہ آئندہ اپنے کم عمر بچوں کو کسی بھی بڑے حادثے سے بچانے کے لئے موٹر سائیکل کی ڈرائیونگ نہیں کرنے دیں گے۔
اس موقع پر پٹرول افسران نے والدین اور بچوں کو ٹریفک قوانین، ہیلمٹ کے استعمال اور دیگر حفاظتی انتظامات کرنے کی آگاہی دی اور بتایا کہ صوبہ بھر کی طرح ضلع خوشاب میں بھی ایڈیشنل آئی جی راؤ عبدالکریم،ڈی آئی جی اطہر وحید کی ہدایات پر نو عمر بچوں کو حادثات سے بچانے اور غیر قانونی ڈرائیونگ کے تدارک کے لئے چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، لہٰذا آپکی انڈر ٹیکنگ کے باوجود اگر یہ بچے دوبارہ موٹر سائیکل کی ڈرائیونگ کرتے ہوئے پائے گئے تو ان کے موٹر سائیکل ضبط کر لئے جائیں گے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔











