رمضان میں پاکستان پوسٹ کیجانب سے مضمون نویسی کے مقابلوں کا انعقاد احسن اقدام ہے؛  حامد سعید کاظمی

13

ملتان،11 اپریل(اے پی پی ): سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے موقع پر پاکستان پوسٹ کے مضمون نویسی کے مقابلے کا انعقاد احسن اقدام ہےجس سے طلباءوطالبات کی تعلیمی وتربیتی صلاحیتوں کو جلابخشنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی نے ملتان جنرل پوسٹ آفس میں منعقدہ تقریب ”ماہ رمضان کی رحمتیں اور برکتیں“ سے خصوصی خطاب میں کیا۔

تقریب سے خطاب میں چیف پوسٹ ماسٹر ملتان فائزہ خالد راﺅ نے کہا کہ پاکستان پوسٹ اہل وطن کو ڈاک کی ترسیل کی سہولت نہایت ارزاں نرخوں پر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب کی ہدایت پر ماہ رمضان کے مبارک موقع پر ماہ رمضان اور قیام پاکستان کے عنوانات پر مقابلہ مضمون نویسی کا اہتمام کیا گیا جس میں ملتان ڈویژن کے طلباءوطالبات کی بڑی تعداد نے حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقابلے کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد اور ماہ رمضان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

 اس موقع پردیگر مقررین ملک محمد یوسف، فیصل، سعید،نعیم اقبال نعیم و دیگر  نے اپنے خطابات میں پاکستان پوسٹ کے اس اقدام کو سراہا اور پاکستان پوسٹ کی انتظامیہ اور ملازمین کی اس کاوش پر مبارکباد دی۔

 تقریب کے اختتام پر اردو اور انگریزی کے مضمون نویسی کے مقابلہ جات کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اورنقد کیش تقسیم کیے گئے۔