ملتان۔14اپریل (اے پی پی):کمشنرملتان ڈویژن عامر خٹک نے کہاہے کہ محکموں میں زیرالتوا پروموشن کیسز پر کام کرکے تمام ملازمین کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں ۔ انہوں نے مختلف اموربارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ کارو باری تعمیرات کے اجازت نامے کے عمل کو آسان اور کاروباری ماحول میں بہتری کیلئے کردار ادا کریں،کمرشل انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے تمام ادارے مل کر کام کریں، فوری ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس بلائیں، بغیر این او سی عمارات کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے،زیر التوا کنورژن کیسز کو قانونی عمل مکمل کرکے این او سی جاری کریں،نامکمل کوائف،دستاویزات والے کیسز کو معطل کرکے متعلقہ فرد کو آگاہ کیا جائے۔کمشنرنے کہا کہ کسی بھی این او سی بارے مطلوب کوائف واضح آویزاں کئے جائیں،متعلقہ برانچ بینرز بنوا کر شہریوں کی سہولت بارے واضح آویزاں کریں۔ انہوں نےکہا کہ تمام بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت، تحصیل ہیڈ کوارٹرز پرہسپتال میں موجود مفت سہولیات اور ادویات بارے بینرز پر لکھوا کر آویزاں کئے جائیں۔اجلاس میں ڈی سی ملتان عمر جہانگیر، ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام ،ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ارشد وٹو ،ایم ڈی واسا چوہدری دانش، سی او کارپوریشن چوہدری فرمائش،سی او ویسٹ شاہد یعقوب، ڈی ڈی فوڈ شاہد کھوکھر، متعلقہ افسران جبکہ ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے۔











