لاہور، 16اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ مفتی عبدالشکور بہت ہی منجھے ہوئے سیاستدان اور عالم دین تھے اور انکی ملک و قوم کے لیے شاندار خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ مفتی عبدالشکور اپنے منفرد انداز بیان کی وجہ سے ناصرف مذہبی حلقوں بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی منفرد مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں مفتی صاحب کی دینی، سیاسی و سماجی خدمات پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، مفتی صاحب کی پاکستان کیلئے شاندار خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی شہادت ایک بہت بڑا سانحہ ہے، اللہ تعالیٰ انکے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔











