عارفوالا ، 12 اپریل ( اےپی پی): عارفوالا میں یوم شہادت خلیفہ چہارم امیر المومنین سیدنا علی المرتضیٰ علیہ السلام کے سلسلہ میں مرکزی امام بارگاہ دربارا ہلبیت ڈی بلاک سے علم ،تعزیہ اور تابوت کا جلوس انجمن اثناء عشری عارفوالا کے سربراہ سید مہندی حسن زیدی کے زیراہتمام برآمد ہوا ۔ جلوس مقررکردہ راستوں سے گزرکر ریلبازار پہنچا جہاں پر نامور نوحہ خواں طارق حسین طاری گروپ نے نوحہ خوانی اور عقیدت مندا ہلبیت نے ماتم اور زنجیرزنی کرکے پرسادیا ۔جلوس مختلف بازار وں سے گزر کر جناح چوک پہنچا جہاں پرمجلس برپاہوئی جس میں علامہ سید اجلا ل حیدر آف کراچی نے شہادت امام عالی مقام علیہ اسلام پر روشنی ڈال کر اہل ایما ن کے قلب کو منور فرمایا ۔ بعدازاں نمازظہرین اداکرنے کے بعد جلوس مقررکردہ راستوں سے گزرکر واپس امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیرہوگیا۔ جلوس کے تمام راستوں کو کارڈن آف کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ جلوس کے ہمراہ ٹی ایم اے عملہ ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور واپڈا اہلکار بھی موجودتھے۔











