فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر کا مختلف مارکیٹوں وبازاروں کا دورہ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائز ہ لیا

25

فیصل آباد۔10اپریل  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ اور نرخناموں کی موجودگی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مارکیٹوں وبازاروں میں اور شاہرات کنارے ریڑھی کی دکانوں پر پہنچ گئے۔انہوں نے اوپن مارکیٹ میں پھل وسبزیوں،چکن سمیت دیگر اشیاء کے نرخنامے دیکھے اورموقع پر موجود صارفین سے قیمتوں کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے اوور چارجنگ و ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہونے پر متعدد گرانفروشوں کو اپنی نگرانی میں حوالہ پولیس کرادیا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد زبیر کے ہمراہ سمندری روڈ پر دکانوں وریڑھی فروشوں کے علاوہ مختلف سپر سٹورز کا بھی دورہ کیا اور میگامارٹس کے ڈی سی کاؤنٹرز پر اشیاء کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو بھی چیک کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ناقص اشیاء کی موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی،زائد قیمت وصول کرنے پر سخت ایکشن ہوگا۔انہوں نے ڈجکوٹ کا بھی ہنگامی دورہ کیا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مارکیٹوں میں اشیاء کی قیمتوں کی چیکنگ جاری رکھنے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ترین ایکشن لینے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود رہنے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورچارجنگ پر متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ذمہ دار ہوگا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنرعلی عنان قمر نے فری آٹاسنٹرہاکی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور ضروری انتظامات چیک کئے۔انہوں نے کاؤنٹرز پراہلیت کی جانچ پڑتال کے عمل کا جائزہ لیا اور سٹاف کی حاضری بھی دیکھی۔انہوں نے کہا کہ ہر مستحق فرد کو فری آٹا کے بیگز فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے آٹا کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا اور جملہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔