فیصل آباد؛ ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کا مفت آٹامراکزکا دورہ ، انتظامات کا جائزہ لیا

33

فیصل آباد،02 اپریل (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر علی عنان قمرنے تحصیل سمندری کے علاوہ ڈجکوٹ،ماموں کانجن، کنجوانی، رحمے شاہ اور دیگر علاقوں کے طوفانی دورے کئے اور مفت آٹاکی تقسیم کے مراکز پر جاکر ضروری انتظامات کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے ڈیوٹی آفیسرزوسٹاف کی حاضری چیک کرتے ہوئے موقع پر موجود مردوخواتین سے انتظامات بارے دریافت کیا۔انہوں نے تاکید کی کہ سنٹرز پر نظم وضبط برقرار رکھ کر شہریوں کو تیز رفتار سروسز فراہم کی جائیں تاکہ رش پیدا نہ ہو۔انہوں نے کاؤنٹرز پر قومی شناختی کارڈز کی سکیننگ اور سلپ کے اجراء کے بعد آٹا کی فراہمی کا عمل دیکھاجبکہ شہریوں کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مفت آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز پر صرف اپنے اصل قومی شناختی کارڈکا حامل فرد ہی آٹا حاصل کرسکتا ہے،شہری مفت آٹا لینے کے لئے دیگر فیملی ممبرز کے کارڈزہمراہ نہ لائیں،صرف موقع پر موجود آئی ڈی کارڈکے حامل فرد کو ہی آٹا کا بیگ ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 20 ٹرکنگ پوائنٹس و مارکیز کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر سنٹرکی تعداد میں اضافہ بھی کیا جارہا ہے اور اب تک تقریبا 15 لاکھ افراد کو 10 کلوگرام آٹا کے مفت بیگز فراہم کئے جاچکے ہیں۔