لاہور کے علاوہ پنجاب کے تمام اضلاع میں منکی پاکس کے حوالہ سے ہسپتالوں میں بستروں کو مختص کردیا جائے گا: نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

27

لاہور، 26اپریل(اے پی پی):نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹرجمال ناصر کی زیرصدارت ڈی جی ہیلتھ دفتر میں اہم اجلاس منعقد منعقد ہوا جس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید، یونیسف سے ڈاکٹرقرۃ العین، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر یونس، ڈاکٹر عاصم الطاف،ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر زرفشاں طاہر،کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین، رجسٹرار یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جنید رشید، ڈاکٹر یداللہ، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر بختیار اور ڈاکٹر عبدالرحمان، برگیڈئیر وحید،لاہور ایئرپورٹ سے ڈاکٹر سکندر ودیگر حکام نے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جاویداکرم اور ڈاکٹرجمال ناصر نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں منکی پاکس پرقابو پانے کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزراء صحت کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائز ڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاویداکرم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے الرٹ جاری کردیا گیاہے۔ لاہورمیں منکی پاکس کے حوالہ سے بچوں کیلئے چلڈرن ہسپتال اور بڑوں کیلئے جنرل ہسپتال کو مختص کردیاگیاہے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک منکی پاکس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہرکو منکی پاکس کے الرٹس ودیگرمعلومات کے حوالہ سے فوکل پرسن بنادیاگیاہے۔ انھوں نے کہا کہ ایئرپورٹ حکام کو منکی پاکس کے حوالہ سے بہت الرٹ رہناہوگا۔ پنجاب کی عوام کیلئے منکی پاکس کی معلومات حاصل کرنے کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کررہے ہیں۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ پنجاب میں منکی پاکس کی ٹیسٹنگ سہولت بھی موجودہے۔ لاہورکے علاوہ پنجاب کے تمام اضلاع میں منکی پاکس کے حوالہ سے ہسپتالوں میں بستروں کو مختص کردیاجائے گا۔  منکی پاکس پر قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ تمام ایئرلائنزکو گائیڈلائنزبھی جاری کردی گئی ہیں۔نگران صوبائی وزیرمحکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹرجمال ناصر نے کہا کہ ہمیں منکی پاکس کے حوالہ سے عوام کوحراساں نہیں کرنا بلکہ معلومات فراہم کرنی ہیں۔ڈاکٹرجمال ناصر نے کہا کہ جہازکے اندرہی اس حوالہ سے مسافروں کی سکریننگ کرنی چاہئے۔ تمام اضلاع میں ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے بستروں کو مختص کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ڈی ایچ کیوہسپتالوں میں پی سی آرکٹس اورضروری ٹیسٹنگ سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔دونوں محکمہ جات کے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈزمختص کئے جائیں گے۔ ڈاکٹرجمال ناصر نے کہا کہ منکی پاکس کی روک تھام کیلئے ادویات کی خریداری اور سپلائی چین کیلئے جامع لائحہ عمل تیارکیاجائے گا۔ ویکسین کی خریداری کی تجویزبھی زیرغورہے۔