ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات اطمینان بخش ہیں،یوسف رضا گیلانی

14

ملتان، 22 اپریل(اے پی پی): سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات اطمینان بخش ہیں، پیپلز پارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، سیاسی جماعتوں کے مابین گفتگو شنید  جمہوریت کا حسن ہے۔

دربار موسی پاک پر نماز عید سے قبل میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک صوبے میں صرف انتخابات نہیں چاہتی، عمران خان نے دو اسمبلیوں کی، دو وزرائے اعلیٰ کی اپنی مرضی سے قربانی دی اور ہم عمران خان کے پیروکار نہیں ہیں، ہم تمام اسمبلیوں کے ایک ساتھ الیکشن چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے  بعد تمام سیاسی جماعتیں اکھٹی ہوں گی، ایک بات طے ہے کہ وطن عزیز آئین پاکستان کی وجہ سے مضبوط ہے لیکن اس وقت الیکشن کے حوالے سے ہمارے  سیکیورٹی اداروں  نے بھی بتایا ہے کہ حالات  ٹھیک نہیں ہیں۔

 یوسف رضا گیلانی نے  مسلمانوں کو عید مبارک باد پیش کی اور کہا کہ عید کے موقع پر غرب لوگوں کو نہیں بھولنا چاہیے،وطن عزیز کیلئے جان و مال کی قربانی دینے والوں  کو بھی خوشی کے اس تہوار پر نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔