میرپورخاص،07 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے کہا ہے کہ یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام 21 رمضان سے قبل تمام انتظامات مکمل کیے جائیں، کسی کو بھی کسی قسم کی ہرگز رعایت نہیں دی جائے گی، کوتاہی کی صورت میں متعلقہ عملے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں سکیورٹی، صفائی، پانی، لائیٹ و دیگر مسائل کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے دربار ہال میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی پریم چند، اسٹنٹ کمشنر سلیم شیخ، مولانہ سید ضیاء حیدر نقوی، سید حمزہ علی نقوی اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے کہا کہ میں 21 رمضان سے قبل جلوسوں کی گزرگاہوں کا دورے کروں گا جہاں ضروریات کے مطابق نشاندہی کر کے ضروریات کو پورا کیا جائے گا ۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امام بارگاہوں کے ارد گرد صفائی کا خیال رکھاجائے، اس کے ساتھ امام بارگاہوں کے لیئے خاص عملہ مقرر کیا جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے حیسکو اور سوئی گیس کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لائیٹ اور سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے دوران ایمبولنس، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔











