یتیم بچوں کی سرپرستی کرکےانہیں مستقبل کا کامیاب فرد بنایا جاسکتا ہے؛ محمد یونس

41

میرپورخاص،07 اپریل(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر محمد یونس نے کہا  ہے کہ یتیم بچوں  کی  سرپرستی کرکےانہیں مستقبل کا کامیاب فرد بنایا جاسکتا ہے،باہمت مائیں بچوں کے اخلاق و کردار سنوارنے اور انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے الخدمت سے تعاون کریں، الخدمت ان میں سے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں کو مری الخدمت کالج اسلام آباد میں اعلی تعلیم کیلئے مکمل اسکالر شپ مہیا کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر محمد یونس نے جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے تحت عالمی یوم یتامیٰ (ورلڈ آرفن ڈے) کے موقع پر مقامی ہال میں الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے زیر کفالت 171 بچوں اور کی باہمت ماؤں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

نائب صدر محمد یونس نے کہا کہ معاشرے میں موجود والد کے سائے سے محروم لاکھوں  بچوں کی تعلیم و تربیت کرکے ذمہ دار شہری بنایا جاسکتا ہے، پورے پاکستان میں بیس ہزار سے زائد یتیم بچے الخدمت کی کفالت ہیں ،کسی بھی یتیم کے سرپردست شفقت رکھنا اور اسکی سرپرستی کرنا شفاعت رسول صل اللہ علیہ وسلم اور جنت کے حصول کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔

تقریب سے ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی میرپورخاص محمد اکرم شیخ ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص محمدنادر خان نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں تاجر راہنما حاجی فقیر محمد میمن ،ایوان صحافت کے سرپرست محمد ہاشم شر ، امیر جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوھان، صدر پبلک ایڈ کمیٹی حاجی نور الہی مغل، معروف صحافی فلک شیر ۔سابق یوسی ناظم ذاکر حسین شیخ سمیت معززین اور الخدمت کے رضاکاروں نے شرکت کی ۔