لاہور، اپریل 24(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے عیدالفطر کے تیسرے روز میو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈ میں گئے اور مریضوں کی عیادت کی ۔ محسن نقوی نے ساہیوال میں دھکم پیل کے دوران زخمی بزرگ خاتون صغراں بی بی کی بھی خیریت دریافت کی ۔ محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں کو عید کی مبارکباد دی اور مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انھوں نے مریضوں اور تیمارداروں سے فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے بھی دریافت کیا۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے عید تعطیلات میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز ۔ نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے جذبے کو سراہا۔ انھوں نے عید تعطیلات کے دوران دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم بھی ہمراہ تھے۔











