وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے عیدالفطر پر پولیس فائرنگ واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی

23

ملتان،27 اپریل (اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے عیدالفطر پر پولیس فائرنگ واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے متوفی نوجوانوں کے اہلخانہ کو فی کس 10 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ملک محمد سمیع متوفی محمد عثمان اور سید عبدالسمیع کے گھر پہنچے اور اہلخانہ کو وزیرِ اعلی کی جانب سے 10 لاکھ روپے فی کس کے چیک فراہم کئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ملک محمد سمیع نے مرحومین کو وزیرِ اعلی پنجاب کا پیغام بھی پہنچایا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کرائی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک محمد سمیع نے کہا کہ حکومت پنجاب مرحومین کے دکھ میں ساتھ کھڑی ہے۔انسانی جان کا متبادل کچھ نہیں تاہم مرحومین کے بھائیوں کو سرکاری نوکری اور مکمل کفالت فراہم کی جائے گی۔اے ڈی سی فنانس کا کہنا تھا کہ المناک واقعے پر اہلخانہ سے مکمل تعزیت کرتے ہیں۔اس موقع پر مرحومین کے والدین وزیراعلی پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔