لاہور ، 7اپریل(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ مخیر حضرات کے تعاون کی وجہ سے معاشرے کے کم وسیلہ اور پسماندہ طبقوں کے لیے فلاحی منصوبہ جات جاری و ساری ہیں۔ گورنر پنجاب ہاؤس میں فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کار خیر کے لیے سب لوگ اکٹھے ہوئے ہیں، اس کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے۔ تقریب میں وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاہ، مولانا فضل رحیم ، خطیب جامعہ اشرفیہ، ڈاکٹر خالد مسعود گوندل ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور مخیر حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان فلاحی کاموں میں دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ایدھی ایمبولینس سروس دنیا کی سب بڑی رضاکارانہ ایمبولینس کا نیٹ ورک ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جہاں معاشرے میں خرابیوں کی بات کی جاتی ہے وہیں پر اس مثبت پہلو کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام فلاحی ہسپتالوں کا قیام، تھر اور بلوچستان میں میٹھے پانی کے ہینڈ پمپس، سیلاب متاثرین کیلئے خدمات اور ترکیہ اور شام کے زلرلہ زدگان بہن بھائیوں کے لیے امدادی سامان جیسے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بھی مخیر حضرات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ لاہور کے کاروباری حضرات کی طرف سے جنوبی پنجاب سمیت ملک کے دوسرے حصوں میں سیلاب متاثرین کے لیے اربوں روپے کا امدادی سامان بھیجا گیا۔ کاروباری اور سماجی شخصیات نے گورنر ہاؤس سے بھی اربوں روپے کی مالیت کا امدادی سامان سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیجا۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں سیلاب متاثرین کے لیے خطیر فنڈز اور امدادی سامان اکٹھا کیا گیا۔ یونیورسٹیوں کے رضاکاروں اور ہیلتھ کی ٹیمیں اور فیکلٹی ممبران خود سیلاب متاثرہ علاقوں میں اپنے بہن بھائیوں کی امداد کیلئے پہنچے۔











