گوجرانوالہ اور اوکاڑہ میں وکلاء چیمبرز کی تعمیر کیلئے تعاون کریں گے۔ ،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

12

لاہور12اپریل ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ اور اوکاڑہ کے وفود نے الگ الگ ملاقات کی ۔گوجرانوالہ اور اوکاڑہ کے بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی وکلاء برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وکلاء برادری اور ان کی فیملیز کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ڈسٹرکٹ و سیشن کمپلیکس گوجرانوالہ میں بینک آف پنجاب کا ای اشٹام بوتھ کھولا جائے گا،بینک آف پنجاب کی اے ٹی ایم مشین بھی نصب کی جائے گی۔گوجرانوالہ اور اوکاڑہ میں وکلاء چیمبرز کی تعمیر کیلئے تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کیلئے تعلیم و صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اوکاڑہ میں وکلاء ڈسپنسری کیلئے فوری طو رپر ڈاکٹر تعینات کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ میں احاطہ عدالت میں نادرا ڈیسک اور پاسپورٹ ڈیسک کے قیام کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کا کردار مسلمہ ہے۔میرے دروازے آپ کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے وفد میں جنرل سیکرٹری حافظ وزیر علی ملک، نائب صدر ملک نثار احمد، جوائنٹ سیکرٹری سہیل نور گجر، فنانس سیکرٹری عابد مجید سندھو، وقاص جمیل، ملک تحسین اللہ، رانا قاسم اور دیگر شامل تھے  ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اوکاڑہ کے وفد کی قیادت صدر میاں طلعت محمود کر رہے تھے، وفد میں محمد عمر رحمان، رانا رضا محی الدین، غلام مصطفی صادق شامل تھے۔