آئی ڈیپ کی سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کو30 جون تک مکمل کرنے کی یقین دہانی

85

ملتان،04مئی(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی جانب سے سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے زیر تعمیر منصوبے کی ٹائم لائن طلب کرنے کے بعد آئی ڈیپ  متحرک ہوگئی ہے اور اس کے انجینئر نے بلڈنگ کا سول ورک 30 جون تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ اسی سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد فاروق ڈوگر اور ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر نے سائیٹ کا دورہ کیا،سول سیکرٹریٹ اور جی اور آر کے مختلف حصے دیکھے اور جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹرمیجرریٹائرڈ فیصل زمان،ریڈیڈنٹ انجینئر تجمل حسین اور کنسٹرکشن کمپنی کے انجینئرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ کمیٹی کے کیمپ آفس کے قیام کا مقصد منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو موقع پر دور کرنا ہے تاکہ اسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے اور کہا کہ مانیٹرنگ کمیٹی سائیٹ پر لیبر کی تعداد، مشینری اور میٹیریل کی دستیابی کو چیک کرے گی اور دیگر محکموں کی جانب سے تعمیر میں حائل ایشوز حل کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تمام کمپونینٹس پر بیک وقت کام شروع کیا جائے اور پراجیکٹ کی لینڈ سکیپنگ کے لئے  پی ایچ اے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب  اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے،اس کے ڈیزائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ڈیپ،پراجیکٹ کنسلٹنٹ اور کنسٹرکشن کمپنی کے انجنیئرز آپس میں  بہترین رابطہ کار پیدا کریں تاکہ درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔

زیر تعمیر منصوبے کے تعمیراتی کام میں تیزی آگئی ہے اور لیبر کی تعداد100  ورکرز سے بھی بڑھا دی گئی ہے جبکہ سول سیکرٹریٹ میں روڈ نیٹ ورک کی تعمیر کے لئے مشینری  پہنچادی گئی ہے۔اس کے علاوہ سیوریج پائپ لائن بچھانے کا آغاز کردیا گیا ہے،مرکزی گیٹ کی تعمیر،اورڈکٹنگ، پلمبرنگ اور الیکٹریفکیشن کے کام شروع کردیا گیا ہے۔دوسری طرف رہائش گاہوں کی تکمیل فنشنگ کے مراحل میں داخل ہوگئی ہے اور ٹائل اور پینٹ ورک کا آغاز کردیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی ہدایت پر تشکیل دی گئی افسران پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی کے لئے سائیٹ پر کیمپ آفس بھی قائم کردیا گیا ہے۔