ایران  پاکستان باہمی تجارتی  تعلقات میں  نئے  باب کا  آغاز، بارڈ مارکیٹ کا مشترکہ طور پر باضابطہ افتتاح

11

اسلام آباد ، 18 مئی  (اے پی پی ): ایران  پاکستان   باہمی   تجارتی  تعلقات میں  نئے  باب کا  آغاز ہو  گیا ہے ،ایران  پاکستان بارڈ مارکیٹ کا مشترکہ  طور پر باضابطہ افتتاح کر دیا  گیا  ہے ۔وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مند۔ پشین ۔ بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا اور دونوں رہنمائوں نے مارکیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور دوستی کی علامت کے طورپر  پودا بھی لگایا۔    بارڈر مارکیٹ کےقیام  سےدونوں ممالک کے درمیان تجارت کے  فروغ میں مدد ملے گی۔ سرحد کے دونوں اطراف رہنے والے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور سمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے گی۔اس کے علاوہ  بھی حکومت مزید 5 بارڈر مارکیٹس پربھی کام کر رہی ہے جن کو جلد تجارت کیلئے کھول دیا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے  100 میگاواٹ گبد-پولان بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا بھی  افتتاح  کیا۔  گبد-پولان ٹرانسمیشن لائن وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کی بدولت ریکارڈ مدت میں تعمیر مکمل ہوئی ہے۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے ایران سے درآمد کی جانے والی سستی بجلی کی  مجموعی مقدار 204 میگاواٹ ہو گئی ہے۔132کے وی   کی ٹرانسمیشن لائن کو اپ گریڈ کرکے 220 کے وی کردیا گیا ہے۔4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے۔ نئی ٹرانسمیشن لائن سے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بجلی کی ترسیل میں بہتری آئے گی اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے بجلی کی وافر مقدر میسر آئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی  صدر ابراہیم رئیسی  کے درمیان  غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی ۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے  گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔