ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر کا ساؤتھ پنجاب سول سیکرٹریٹ کے دو بلاک 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت

12

ملتان،17 مئی(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے  سول سیکرٹریٹ کے دو بلاک 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے   اور کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے دو ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹنمنٹس جولائی میں سول سیکرٹریٹ شفٹ کردئے جائیں گے۔

 یہ بات انہوں نے متی تل میں زیرتعمیر سول سیکرٹریٹ کمپلیکس کے منصوبے کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ کی تکمیل سے ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور مانیٹرنگ کا عمل بھی بہتر ہوسکے گا۔ انہوں نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور درجہ چہارم کے ملازمین کی رہائش گاہوں کے کمروں کو کشادہ اور ہوار بنانے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے سیکرٹریٹ کے منصوبے کا مکمل دورہ کیا، بلڈنگ اور زیر تعمیر سڑکوں کے تعمیراتی  معیارکا جائزہ لیا۔

آئی ڈیپ کے حکام نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کا سول ورک30 جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔سول سیکرٹریٹ اور جی او آر میں روڈ نیٹ ورک، مرکزی گیٹ کی تعمیر، سیوریج اور بجلی کی لائنیں بچھانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 504 کنال پر محیط منصوبے پر350 کروڑ روپےخرچ کئے جارہے ہیں۔