ملتان، 17مئی( اےپی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کےفعال معیشت میں صنعتوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ صنعتوں کی ترقی سے معاشی خوشحالی آتی ہے اور روز گار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایگروبیسڈ انڈسٹری کو فروغ دیکر جنوبی پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔ کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو خطے کے تمام مسائل کا ادراک ہے جن کے حل کے گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ کو خصوصی نشست کے لئے درخواست کی جائے گی اور اس خطے کے مسائل اور انکے حل بارے بریفنگ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام کے حکومت کو سفارشات ارسال کی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ملتان چیمبرآف کامرس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں چیمبر آف کامرس کے صدرمیاں راشداقبال، نائب صدر ندیم احمد شیخ ،چیمبر کے سابق صدر محمد شفیق اور سیکرٹری جنرل سید افتخار علی شامل تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن محمدفاروق ڈوگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے میں زراعت کی ترقی کے لئے پرعزم ہے اور اس ایریا میں کپاس کی کاشت کی دوبارہ بحالی کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے کامیابی کے بہت سے قابل فخر سنگ میل عبور کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خطے کی ترقی بارے ڈائیلاگ کے لئے بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مختلف ممالک کے 40 سے زائد سفیروں نے شرکت کی۔ کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ خطے کی ترقی کے لئے کانفرنس کی چھ نکاتی گائیڈ لائنز پر عمل کیا جارہا ہے۔ملتان چیمبر آف کامرس کے صدر میاں راشد اقبال نے 9 مئی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بدامنی کسی بھی ملک کی معیشت کے لئے تباہ کن ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کی سب سے بڑی سٹیک ہولڈرز تاجر برادری ہے۔











