حج 2023 پروازوں کا شیڈول جاری، پہلی حج پرواز21 مئی کو روانہ ہو گی

14

اسلام آباد ،17 مئی (اے پی پی ): وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم 2023 کے لیے  پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے پہلی حج پروازیں 21 مئی کو روانہ ہونگی۔سیالکوٹ سے پہلی حج پرواز 22 مئی، ملتان سے 23 مئی جبکہ کوئٹہ سے 24 مئی کو روانہ ہو گی اور رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز 6 جون  جبکہ سکھر سے 7 جون کو روانہ ہو گی۔آخری حج پروازیں 20 جون کو روانہ ہوں گی ۔

پرواز سے 24 گھنٹے قبل پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزہ ، شناختی لاکٹ وغیرہ حاجی کیمپوں سے فراہم کیے جائیں گے،حاجی کیمپوں میں گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی حفاظتی  ویکسین  لگانے کا آغاز 17 مئی سے ہو گا۔وزارت کے اشتراک سے  این سی او سی نے حاجی کیمپوں میں مفت کرونا ویکسین کاونٹر بھی قائم کر دیے  ہیں ۔

حج کی ادائیگی کے بعد پروازوں کی واپسی 4جولائی سے شروع ہو گی۔وزیر  مذہبی امور حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں۔عازمین حج کی بہتر راہنمائی اور سہولیات کے لیے وزارت مذہبی امور بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔