سول اور دفاعی تنصیبات  کو نشانہ بنانے والے ملک دشمنوں کو کیفرکردار تک نہ پہنچایا تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی؛وزیراعظم  شہبازشریف

5

پشاور،25مئی(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ  9 اور 10 مئی کو سول اور دفاعی تنصیبات  کو نشانہ بنانے والے ملک دشمنوں کو کیفرکردار تک نہ پہنچایا تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی، کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی، سول عمارتوں  پر حملوں کے مجرموں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ جبکہ دفاعی تنصیبات پر حملہ آوروں اور منصوبہ سازوں کے خلاف دفاعی اداروں کو حاصل آئینی اختیار کے تحت  کارروائی ہو گی۔

جمعرات کو گورنر ہائوس میں  امن  و امان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ اجلاس کچھ دن قبل طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مصروفیات کی وجہ سے یہ اجلاس نہ ہو سکا۔9 اور 10 مئی  کو جو دلخراش واقعات ہوئے اس حوالے سے زوم پر اجلاس منعقد کیا ۔اس دن پاکستان کے دوست نما دشمنوں نے دہشت گردی کی اور پاکستان کی دفاعی تنصیبات پر  حملہ کر کے وہ کام کیا جو دشمن 75 سال میں نہیں کر سکا۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں  اور اداروں کے  ساتھ مل کر  یہ فیصلہ کیا کہ سول تنصیبات  پرحملے  اور توڑ پھوڑ کرنے والوں اور منصوبہ سازوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ  کے قانون کے مطابق کارروائی ہو گی جبکہ دفاعی تنصیبات  پر حملوں کے خلاف قانون نے جو اختیار دفاعی اداروں کو دیا ہے اس کے تحت  قانونی کارروائی ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہدایت کی ہے کہ  اس عمل  میں کسی بے گناہ کو نقصان نہ پہنچے اور کسی کے ساتھ زیادتی بھی نہ ہو تاہم جو لوگ  بالواسطہ یا بلاواسطہ ملک دشمنی میں  ملوث پائے گئے یا منصوبہ بندی کی ، وہ سب اس جرم میں شامل ہیں اور انہیں قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے ، بصورت دیگر قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی اور اگر ہم نے اپنے قومی فرض کو امانت جان کر ادا نہیں کیا۔اس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔