سیکرٹری تحفظ ماحولیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت ہیٹ ویو بارے اجلاس کا انعقاد

85

لاہور، 03 مئی(اے پی پی): شہریوں کی جان و مال اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کو ملکر باہمی مشاورت سے ایک لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔اس حوالے سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے جبکہ پی ڈی ایم اے اور سپارکو بھی حکومتی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کمیٹی روم میں ہیٹ ویو اور کلائمیٹ چینج بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔  ڈائریکٹر (لاء)ایل ڈی اے کی طرف سے بتایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر سیکرٹری تحفظ ماحولیات کی زیر قیادت ہیٹ ویو مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں متعلقہ محکموں کے نمائندگان کو ممبر بنایا گیا ہے۔اس کمیٹی کے ٹی او آرز میں ہیٹ ویو کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے پلان کی تشکیل شامل ہے۔ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے ہدایت کی کہ ہیٹ ویو کے مضر صحت اثرات سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے سالانہ، پانچ سالہ اور دس سالہ منصوبے بناکر اگلے اجلاس میں پیش کریں جبکہ ایل ڈی اے کو پابند کیا گیا کہ روف ٹاپ اور گھر کے سامنے شجرکاری کو لازم قرار دیا جائے۔ اس موقع پرمحکمہ ٹرانسپورٹ کو گاڑیوں کی فٹنس کا نظام بہتر کرنے، محکمہ صنعت کو صنعتی اداروں کو ماحول دوست بنانے، محکمہ ہاؤسنگ کو بہتر ٹریفک پلاننگ اور ہر محکمے میں چیف ہیٹ آفیسر لگانے کی ہدایات دی گئیں۔ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے واضح کیا کہ دس روز بعد دوبارہ اجلاس ہوگا اور تمام نمائندگان اپنا پلا ن بناکر پیش کریں تاکہ اسے متعلقہ ڈیش بورڈز پر اپ لوڈ کیا جاسکے، نیز اربن یونٹ حتمی رپورٹ مرتب کرنے میں مدد فراہم کرے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول نسیمِ الرحمن، نمائندگان لوکل گورنمنٹ، پی ایچ ای ڈی، جنگلات، پی ایچ اے، ایل ڈی اے، تعلقات عامہ اور اربن یونٹ  نے شرکت کی۔