سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان انتہائی خوبصورت رشتے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم

28

لاہور۔ 03مئی ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور ڈپٹی کونسل جنرل ری پبلک آف چائنہ مسٹرکاؤکی نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں نمائش کافتتاح کردیا۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹرطلعت نصیرپاشا،جمال شاہ،فریال گوہر،فیکلٹی ممبران اور چائنہ سے ثقافت کے شعبہ سے وابستہ کثیر تعداد میں افرادنے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے نمائش کا دورہ کیا اورفن پاروں کو سراہا۔نمائش میں پاکستان اور چائنہ کی ثقافت کو اجاگرکرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور مسٹرکاؤکی نے تحائف کاتبادلہ بھی کیا اور کہا کہ نمائش کے ذریعے پاکستان اور چین کی ثقافت کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے، چین پاکستان کا انتہائی قریبی اور بہترین دوست ملک ہے۔پاکستان اور چین ثقافت کے شعبہ میں بہت ترقی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان انتہائی خوبصورت رشتے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سی پیک کی طرح صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے بھی چین کے ساتھ ہیلتھ کوری ڈور شروع کرناچاہتے ہیں۔نمائش سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافت کے فروغ کاموقع ملے گا۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ چین نے پوری دنیامیں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تہلکہ مچارکھاہے جس استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان آبادی کے اعتبارسے دنیاکاتیسرابڑاملک بننے جارہاہے اس لیے اب تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں بچے اچھی تعلیم حاصل کررہے ہیں،پاکستان میں 30سے زائدجبکہ چین میں 100سے زائد میڈیکل یونیورسٹیزہیں۔ پاکستانی میڈیکل یونیورسٹیزکے ساتھ چین کی میڈیکل یونیوسٹیزکی کولیبوریشن چاہتے ہیں۔پاکستان اور چین کی عوام میں انتہائی قریبی مراسم وابستہ ہیں۔ ڈپٹی کونسل جنرل ری پبلک آف چائنہ مسٹرکاؤکی نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں نمائش کے ذریعے دونوں ممالک کی ثقافت کو فروغ دینے کا موقع ملے گا۔          چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات جاری رکھے گایہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزیدبہتربنائے گی۔