ملتان،26مئی(اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و سکولز پنجاب منصور قادر نے کہا ہے کہ تعلیمی میدان میں ترقی اور شرح خواندگی کے اہداف کے حصول میں سرکاری اداروں کے ساتھ نجی شعبے کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بات انہوں نے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں نجی شعبے کی طرف سے عالمی معیار کے ادارے کا قیام خوش آئند ہے، جس سے نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے طلباء بھی مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ معیار تعلیم کو بہتر کرنے کےلئے سارے ممکنہ وسائل استعمال کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر منصور قادر نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی اور سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت پنجاب 6 ارب روپے کے فنڈز فراہم کر رہی ہے تاکہ سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباءبھی جدید ٹیکنالوجی اور طریقہ تدریس سے مستفید ہو سکیں۔
سابق وفاقی سیکرٹری محمد علی گردیزی نے صوبائی وزیر تعلیم کو یونیورسٹی بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگست سے داخلوں کا آغاز کیا جا رہا ہے اور ادارہ ہذا میں عالمی معیار کے مطابق تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں عصری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیبارٹریز، بہترین کمپیوٹر سسٹم سے مزین کلاس رومز، جدید اور تازہ ترین علوم اور ریسرچ پر مشتمل کتابوں سے مزین لائبریری کے ساتھ ای لائبریری کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے تاکہ طلباءتعلیم کے عالمی رجحانات کے مطابق زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں جبکہ طلباءمیں صحتمندسرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیلوں کے میدان، ان ڈور گیمز، اعلی کیفے ٹیریا اور ڈے کئیر سنٹر جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر نے سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت، جدید لیب اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ لائبریری اور کلاس رومز کی تعریف کرتے ہوئے کو بیحد سراہا۔ انہوں نے نجی تعلیمی ادارے کی طرف سے لائق اور مستحق طلباءکو 3 کروڑ روپے کے وظائف فراہم کئے جانے کے منصوبے کو انقلابی قدم قرار دیا۔
اس موقع پر سابق وفاقی سیکرٹری ایوی ایشن و کمشنر ملتان محمد علی گردیزی، وائس چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شاہ، یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چئیرمین ڈاکٹر محمد ارشد، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب الطاف بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔