صحت مند طرز زندگی کو اپنا کر بیماریوں پر قابو پانے کے ساتھ ہیلتھ بجٹ میں 50 فیصد کمی بھی لائی جاسکتی ہے، ڈاکٹر احمد بلال

39

 

فیصل آباد۔17مئی  (اے پی پی):معروف پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر احمد بلال نے کہا ہے کہ صحت مند طرز زندگی کو اپنا کر نہ صرف بیماریوں پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہیلتھ بجٹ میں 50 فیصد کمی بھی لائی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ ورلڈ ہائیپر ٹینشن ڈے کے حوالے سے سیمینار میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار کا انعقاد یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات، ہیلتھ سنٹر اور فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر احمد بلال نے کہا کہ افراد کو کم از کم دن میں بیس منٹ سیر کی عادت کو اپنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان کو چوبیس گھنٹے میں دس ہزار قدم چلنا چاہیے تاکہ ان کی صحت بہتر رہ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نارمل بلڈ پریشر 120 اور 80 سے کم ہوتا ہے جبکہ ہمار ے ہاں اسے 120 اور 80 تصور کیا جاتا ہے جوکہ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلدی اٹھنے اور جلدی سونے کی عادت کو اپنا کر اپنے امور پوری توانائیوں کے ساتھ صحت کے اصولوں کے مطابق سر انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کیلئے ایک چائے کا چمچ نمک جوکہ چمچ کی سطح کے برابر ہو پورے دن کیلئے کافی ہے تاہم نمک کے زیادہ استعمال سے صحت کے جملہ مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آٹھ بجے تک ناشتہ کر لینا چاہیے جبکہ دوپہر کا کھانا ناشتے سے کم اور رات کا کھانا دوپہر کے کھانے سے کم اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرد کی ویسٹ 35 انچ اور عورت کی ویسٹ 30 انچ تک یا اس سے کم ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ذیابطیس کے مریضوں میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چائے کے کپ دو سے زیادہ ایک دن میں نہیں پینے چاہیے اور کولڈڈرنک سے اجنتاب کرنا چاہیے۔اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی، ڈین فوڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، پرنسپل آفیسر پی آر پی پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔