ٹنڈومحمدخان،28مئی(اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ عمران خان کو اس کے جرم کی سزا مل رہی ہے، آج اس کی ٹیم کے کھلاڑی اپنے ہی کپتان کے خلاف بھڑاس نکال رہے ہیں،تحریک انصاف اب ختم ہوچکی ہے،بہت جلد عوام بھی اسے بھول جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں 30 غریب و مستحق خواتین میں چیک تقسیم کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی غریب و بے سہارا خواتین کا سہارا بننے کے لیے مختلف پروگرام شروع کر رہی ہے ایسی خواتین جو ہنر جانتی ہیں ان کی مکمل مددکی جائے گی تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں۔
سید قاسم نوید قمر کا کہنا تھا کہ ملک میں گرمی کے ساتھ سیاسی موسم بھی انتہائی گرم ہے، عمران خان کو اپنے جرم کی سزا مل رہی ہے، اس کا ساتھ دینے والے اس سے مخلص نہیں تھے، آج وہ اپنے ہی کپتان کے خلاف بھڑاس نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کسی نے نہیں نکالا تھا، وہ ایک نااہل شخص تھا، جس کی نالائقی کی وجہ سے آج ملک و قوم کو عذاب بھگتنا پڑ رہا ہے۔
سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی ہنر مند غریب و مستحق خواتین کے لئے رات دن جدوجہد کررہی ہے، سندھ بھر کی مستحق ہنر مند خواتین کو سندھ مائیکرو فنانس بینک کے تعاون سے مدد کی جارہی ہے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے آج ٹنڈومحمدخان میں 30 مستحق ہنر مند خواتین میں چیک تقسیم کئے ہیں تاکہ وہ اپنے ہاتھ کے ہنر سے اپنی ترقی کا زریعہ بن سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹنڈومحمدخان پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے، ہمیں ٹنڈومحمدخان کی عوام پر فخر ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام بلاول بھٹو زرداری کو وزیر عظم کے روپ میں دیکھنا چاہتی ہیں۔
ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، قبل از وقت الیکشن کسی صورت ممکن نہیں ہے۔











