اسلام آباد۔ 04 مئی (اے پی پی):چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ موسم گرما کے دوران قدرتی آفات کا ممکنہ شکار ہونے والے علاقوں میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کی موجودگی ضروری بنائی جائے، ہیٹ ویو اور دیگر ایمرجنسی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔جمعرات کو یہاں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی) میں منعقدہ دوسری قومی کانفرنس برائے موسم گرما ( ہنگامی صورتحال) سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں ہیٹ ویوو اور دیگر قدرتی آفات کے سلسلے میں قبل از وقت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، متعلقہ ادارے ہیٹ ویوو اور دریائی کٹائو سمیت لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں کی نشاندہی کریں اور ان علاقوں میں پی ایم ڈی ایز سمیت دیگر ایمرجنسی رسپانس ادارے اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ انھوں نے متعلقہ اداروں کو قدرتی آفات سے متعلق قبل از وقت تیاری پر توجہ مرکوز رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی سانحے کی صورت میں انسانی و انفراسٹرکچر نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ موسم گرما کے دوران پیش آنے والی ممکنہ قدرتی آفات سے متعلق ضلعی سطح پر آگاہی مہم بھی چلائی جائے جب کہ ہنگامی صورتحال سے متعلق فرضی مشقوں کو بھی اس آگاہی مہم سے مربوط کیا جائے ۔ کانفرنس کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے ایمرجنسی رسپانس اداروں سمیت 1122 ،محکمہ موسمیات ، قومی فلڈ کمیشن ، مسلح افواج ، آئی سی ٹی اور سی ڈی اے نے موسم گرما کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی اپنی تیاریوں سےمتعلق آگاہ کیا جب کہ وزارت تحفظ خوراک نے خریف کی فصلوں کی پیداوار ، این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او نے شاہراہوں اور پلوں سے متعلق تعمیر نو اور ممکنہ آفات کی صورت میں ان کے حفاظتی پلان سے متعلق بریفنگ دی ۔











