وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود سے پاکستان میں روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر کام کرنے والی کمپنی ’’انباکس‘‘ کے سی ای او کی ملاقات

30

اسلام آباد۔4مئی  (اے پی پی):پاکستان میں روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر کام کرنے والی کمپنی انباکس کے سی ای او نے جمعرات کو وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود سے ملاقات کی اور  پراجیکٹ پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد پر ایک ٹرمینل سعودی ایمیگریشن اور کسٹم حکام کیلئے مختص کیا جائے گا۔ٹرمینل پر سعودی امیگریشن کے کائونٹرز 8 مئی تک مکمل کیے جائیں گے۔ وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ میں خود سعودی سفیر کے ہمراہ سعودی ایمیگریشن ٹرمینل کا دورہ کروں گا اور انتظامات کا جائزہ لوں گا۔روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے پاکستانی عازمین کا کسٹم اور ایمیگریشن پاکستان میں ہی ہو جائے گی۔پراجیکٹ میں شامل حجاج کو سعودی ایئرپورٹس پر کسٹم اور ایمیگریشن سے استثنیٰ ہو گا۔ عازمین حج مختصر وقت میں سعودی ایئرپورٹس سے رہائش گاہوں کی طرف روانہ ہو جائیں گے۔