قصور؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا مون سون بارشوں کی فوری نکاسی کیلئے انتظامات کا جائزہ

3

قصور،31 مئی(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو قصور سیدہ تہنیت بخاری کے زیر صدارت ممکنہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور مون سون بارشوں کے پانی کی فوری نکاسی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ضلع کو ممکنہ سیلاب سے محفوظ کرنے اور مون سون بارشوں کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے تمام حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کریں اور جلد ازجلد اپنا اپنا پلان جمع کروائیں۔انہوں نے تمام میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسر ز کو ہدایت کی کہ وہ تمام سیوریج نالوں کی جلد ازجلد صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں تا کہ مون سون بارشوں کے پانی کی فوری نکاسی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام بندوں، کینال اور ڈرینج کی انسپکیشن کر کے فٹنس سرٹیفکیٹس دیں اور اپنی اپنی مشینری کو چالو حالت میں رکھیں۔

 اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122انجینئر سلطان محمود، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد لائیق چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اکرم، کوارڈینیٹر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ راشد محمود، پاکستان آرمی، محکمہ لائیو سٹاک، ایری گیشن،ایجو کیشن، زراعت، سوئی گیس، واپڈا، ہائی وے، بلڈنگ، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئر نگ، سول ڈیفنس اور دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔