لاہور، 17مئی(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں عالمی یوم نرسنگ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر عالمی یوم ہائپر ٹینشن کی مناسبت سے آگاہی واک کی بھی قیادت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسوں کو بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ہمیں نرسنگ کے شعبہ کو اس کا اصل حق دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کا عزم کرتے ہیں، میرے لئے بطور ایک وزیر نرسنگ کا شعبہ پہلی ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کی قیادت میں جناح ہسپتال میں نرسیں مریضوں کی بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام نرسوں کیلئے جدید کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ میں صحت کے شعبہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، نرسنگ کے شعبہ کو میڈیکل فیلڈ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، نرسوں کی جدید کورسز کے دوران کمیونیکیشن سکلز کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبہ میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم نرسنگ کے موقع پر نرسوں کی خدمات کو سراہتے ہیں، کسی بھی ہسپتال میں نرس مریض کے بہتر علاج کی علامت ہوتی ہے،نرسنگ کے شعبہ میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اشفاق الرحمن، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈی جی نرسنگ ڈاکٹر منزہ چیمہ اور جناح ہسپتال میں خدمات سر انجام دینے والی نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











