لاہور17مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں صنعتکاروں، خواتین سرمایہ کاروں اورتاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے بغیر ملک کی معاشی ترقی ممکن نہیں ہے۔ خواتین معاشرے کا اہم جزو ہیں جو ہر شعبے میں اپنا تعمیری کردار ادا کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ صنعت کی ترقی کاپہیہ خواتین کے متحرک کردار سے منسلک ہے۔ خواتین سرمایہ کاروں کے جو بھی مسائل ہیں انکو حل کیا جائے گا اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع دیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے خود میدان میں ہوں۔ میں خود تاجر برادری کا حصہ ہوں، تاجر برادری ہی ملک کی معیشت کو مستحکم کرے گی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ پورے صوبے کا دورہ کرنے کا مقصد تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے ساتھ انڈسٹری کو ترقی دینا ہے۔ تاجر برادری ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے ذاتی طور پر متحرک ہوں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دی جا رہی ہیں۔











