لاہور، 4 مئی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سابق وفاقی وزیر اور ایم پی اے سردار اویس لغاری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں شعبہ تعلیم اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق وفاقی وزیر نے گورنر پنجاب سے جام پور کے طلبہ کے لیےغازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے بس روٹ بڑھانے کی درخواست کی۔ گورنر پنجاب نے غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو اس سلسلے میں فوری احکامات جاری کیے۔ گورنر پنجاب نے وائس چانسلر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا بس روٹ فوری طور پر کوٹ چھٹہ سے جام پور تک بڑھا دیا جائے۔ اویس احمد لغاری نے کہا کہ اس اقدام سے بالعموم طلبہ اور بالخصوص دور دراز پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کی مشکلات کم ہوں گی اور حصول علم میں آسانی پیدا ہو گی۔ اویس احمد لغاری نے فوری احکامات جاری کرنے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں گورننس اور تعلیم کا معیار بہتر کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہوں۔ اکیڈیمیہ انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط کرنے کیے کنسورشیم بنایا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پہلی دفعہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں پرو وائس چانسلرز تعینات کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب نگران حکومت صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اچھا کام کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں ترقی اور استحکام کے لیے نظام پر اعتماد اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔











