وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وفاقی وزیر نارکوٹکس کی ملاقات،شہداء و خاندانوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار

20

لاہور،26مئی(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے جمعہ کو یہاں  وزیراعلی آفس میں ملاقات کی۔محسن نقوی اور شاہ زین بگٹی نے شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

نگران وزیراعلی نے تمام شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے وطن کی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر پاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا،کوئی بھی شرپسند قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔

محسن نقوی اور وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی زیر صدار ت اجلاس منعقد ہوا جس میں منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال روکنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال روکنے کیلئے مزید موثراقدامات اٹھائے جائیں گے اور پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

 اجلاس میں منشیات کے کالے کاروبار اور استعمال کی روک تھام کیلئے سخت چیک اینڈ بیلنس اور ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیراعلی  نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر او رآن لائن منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا، پنجاب حکومت منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہسپتال کی تعمیر کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، اینٹی نارکوٹکس فورس کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔