اسلام آباد،17 مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی جانب سے سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز اور سعودی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ظہرانے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود، وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصربن عبدالعزیز کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب میں سب کا خیر مقدم کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دورہ کے موقع پر جس مہمان نوازی سے مجھے نوازا گیا اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں ، ہم کچھ عرصہ سے آپ کی میزبانی کے منتظر تھے ،ہم مشکور ہیں کہ آپ نے ہمارے دورہ کی دعوت کو قبول کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ دونوں ممالک کے لئے اہمیت کا حامل ہے ، اس دورہ میں روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ پر دستخط کرنے جارہے ہیں ۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ سے ملاقات میں سعودی سفارتکار کے قتل ، برمی مسلمانوں کے معاملے پراتفاق رائے ہوا ہے ۔ سعودی عرب میں پاکستانی، جیلوں میں بند ہیں اور سزائیں معمولی ہیں تو ان کی رہائی کے لئے بات چیت کی ہے ۔سعودی وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستانی جن کے جرائم معمولی ہیں ان کو جلد سعودی جیلوں سے رہا کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد ائیر پورٹ سے 26 ہزار حجاج کرام کو سہولت فراہم ہوگی ۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سعودی عرب 20 لاکھ پاکستانیوں کو باوقار زریعہ معاش فراہم کر رہا ہے ، پاکستان سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ،سعودی عرب کے ساتھ دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم ، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سعودی خادم الحرمین الشریفین کی صحت کے لئے دعا کرتے ہیں اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہیں ۔
سعودی نائب وزیر دفاع نے کہا کہ میں اپنے پورے وفد کی طرف سے بھرپور استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ نہوں نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستانیوں کی صفت بہت پرانی ہے ،جب میں نے اپنے کیئرئیر کا آغاز کیا تو ہر لمحے پاکستانیوں کو اچھا پایا ۔ دورہ پاکستان پر مجھے خوشی ہورہی ہے ، دورے میں مختلف امور کو زیر بحث لایا گیا ان پر اتفاق رائے سے فیصلے بھی ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات آج کے نہیں لمبی تاریخ ہے ، ہم ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہو ۔
وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو، سیکریٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ اور دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں شرکت تھے ۔











