آئی سی سی کی نظرثانی شدہ پلیئنگ کنڈیشن متعارف، یکم جون 2023 سے نافذ العمل ہوں گی

17

اسلام آباد ، 17 مئی (اے پی پی ): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نظرثانی شدہ پلیئنگ کنڈیشن متعارف ،نظرثانی شدہ پلیئنگ کنڈیشنز یکم جون 2023 سے نافذ العمل ہوں گی۔

متنازعہ کیچز پر آن فیلڈ امپائرز کی ٹی وی امپائر کو “سافٹ سگنل” دینے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔آن فیلڈ امپائر اب کسی ریفرڈ کیچ  بارے میں حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے ٹی وی امپائر سے صرف مشورہ کریں گے۔آئی سی سی کی مردوں کی کرکٹ کمیٹی نے اس تبدیلی کی سفارش کی تھی ۔

فری ہٹ کے اصول  کے بارے میں “معمولی اضافہ” کیا گیا ہے ،فری ہٹ پر بنائے گئے رنز کو بلے باز کی طرف رنز کے طور پر شمار کیا جائے گا۔فری ہٹ پر بولڈ ہونے کی صورت میں بنائے گئے رنز اضافی ( بائے) شمار کیے جائیں گے ۔

آئی سی سی نے “ہائی رسک” پوزیشنوں پر کھلاڑیوں کے لیے ہیلمٹ پہننا بھی لازمی قرار دیا ۔ اس میں تیز گیند بازوں کا سامنا کرنے والے بلے باز،وکٹ کیپر اور بلے بازوں کے قریب کھڑے فیلڈرز شامل ہیں۔خواتین کی کرکٹ کمیٹی اور آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے اس کی توثیق کی ہے ۔

اس سلسلے میں  مردوں کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ، سورو گنگولی نے کہا کہ کمیٹی نے اس پر طویل غور کیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ سافٹ سگنل غیر ضروری اور بعض اوقات مبہم تھے کیونکہ کیچز کے حوالے سے ری پلے میں غیر نتیجہ خیز لگ سکتے ہیں۔