بہاولپور،31مئی (اے پی پی): پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزاہان کستافن نے بہاولپور کا ایک روزہ دورہ کیا۔
انہوں نے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی، چیمبر کے صدر ذوالفقار مان نے معزز مہمان کا استقبال کیا، قازق سفیر کو بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تاریخ اور کردار کے بارے میں پریذنٹیشن دی گئی، قازقستانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ قازقستان ہاؤس لاہور میں پاکستانی عوام کی سہولیات کیلئے قائم کیا گیا ہے،دلچسپی رکھنے والے پاکستانی تمام مطلوبہ معلومات وہاں سے حاصل کر سکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بہتر بنانے کیلئے بزنس کونسل قائم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل قازقستان قونصلیٹ لاہور راؤخالد خان نے کہا کہ پاکستان کی بہت سی مقامی زرعی مصنوعات کی قازقستان میں بہت زیادہ مانگ ہے، قازقستان کے پاس پانی تک رسائی نہیں، وہ کراچی اور گوادر بندرگاہوں کو مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور یورپ کے ساتھ تجارت کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔
اپنے دورے کے دوران قازقستان کے سفیر نے الضمیرمیں منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کی، انہیں بہاولپور کی تاریخ، پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی کارپوریشن کے ممکنہ مواقع میں خطے کے کردار کے بارے میں بتایا گیا۔ قازق سفیر نے پرنسپل صادق پبلک سکول بہاولپور ڈیوڈ ڈوڈلز اور ڈین آف فیکلٹی مینجمنٹ سائنسز اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال سے ملاقات کی اور تعلیم سے متعلق باہمی تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
قازقستان کے سفیر نے نور محل کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ریاست بہاولپور کی تاریخ اور نواب آف بہاولپور سر صادق محمد خان عباسی کی پاکستان میں خدمات کے بارے تفصیلات بتائی گئیں۔