شیخوپورہ،28 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ حالت میں پہنچانے کے پانچ لوگ ذمہ دار ہیں ،جن میں جنرل باجوہ، جنرل فیض حمید ، جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس ثاقب نثار اور عمران خان شا مل ہیں ،ان پانچ کرداروں کو چھوڑ کر چھوٹی چھوٹی مچھلیوں کو سزا دینے سے ملک میں امن نہیں آئے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک دن میں پیش نہیں آیا، 2014 میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کے ہاتھ پہلے روکے ہوتے تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی ادارے کا سربراہ آئین اور قانون پر عمل کرنا چاہتا ہے اور عدل کی بلڈنگ میں آئین اور قانون کی پابندی کرنے والا چیف آنے والا ہے۔
وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک گھنٹہ پولیس کسٹڈی میں رہے تو وہیل چیئر سے چلنا شروع کر دیا، رینجرز نے ٹانگ سمیت ساری بیماریاں ٹھیک کر دیں جو 6 ماہ سے خراب تھیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما میاں منور اقبال نے پارٹی چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ۔











