چلڈرن ہسپتال کے انکیوبیٹر میں اوور ہیٹنگ سے بچی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ، وزیر اعلی پنجاب کا ہسپتال کا دورہ، جائے حادثہ کا معائنہ، 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

46

لاہور، 28مئی(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نرسری کے انکیوبیٹر میں اوور ہیٹنگ سے بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بعد ہسپتال کا دورہ کیا ، نرسری میں جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔

محسن نقوی نے نرسری میں موجود دیگر بچوں کی خیریت دریافت کی اور بچوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں  نے بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی کہ نرسری میں میڈیکل پروٹوکول کو 100فیصد فالو کیا جائے،نومولود بچوں کی دیکھ بھال میں معمولی سی بھی کوتاہی برداشت نہیں۔

نگران وزیر اعلی محسن نقوی  نے دیگر وارڈز کا بھی دورہ کیا اور بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایک بچے کے لئے ایک بیڈ مخصوص ہونا چاہئے۔ انہوں  نے نرسری میں معصوم بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت اسٹیبلشمنٹ، ڈاکٹر محمد اظہر، ڈاکٹر عامر نصیر اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد شامل ہیں۔کمیٹی تمام حالات و واقعات کا جائزہ لے کر 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کی سفارش کرے گی۔

 نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ جھلسنے والے بچوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔واقعہ پر زیرو ٹالرنس ہوگی اور غفلت کے زمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  کوتاہی برتنے والے عملے کا تعین کرکے قانون کے تحت قرار واقعی سزادی جائے گی۔

اس موقع پر  سیکرٹری صحت اور سینئر ڈاکٹرز بھی ہمراہ تھے۔