اسلام آباد، 11 مئی (اے پی پی): چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےکہا ہے کہ پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید جہازوں کی شمولیت سے ملکی بحری دفاع مزید مضبوط ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کیلئے چین میں تیار کیے جانے والے دو جنگی جہازوں پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس شاہجہاں کی پاک بحریہ میں شمولیت کے موقع پر کیا جس کی کمیشننگ کی تقریب شنگھائی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دونوں جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جو ہرقسم کے جنگی حالات میں مؤثر کاروائی کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہے۔ اسی طرز کے دو جہاز پی این ایس طغرل اور پی این ایس تیمور حال ہی میں پاک بحریہ میں شامل ہو چکے ہیں۔











