پوری دنیا کو موسمیاتی تبدیلی اور خوراک کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ،ثاقب ظفر

8

ملتان 10مئی(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ پوری دنیا کو موسمیاتی تبدیلی اور خوراک کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ  جنگلات میں اضافہ کرکے ان چیلنجز سےنمٹا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مندماحول اور مستحکم معیشت کےلئے ملک کے 25فیصد حصے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن پاکستان کے صرف 4 فیصدحصے پر جنگلات موجود ہیں۔ کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب میں جنگلات میں اضافہ کرنے  کے لئے میگا پلان تیار کیا جائے۔ وہ محکمہ جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری جنوبی پنجاب کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔سیکرٹری فاریسٹ، وائلڈ لائف و فشریز ساوتھ پنجاب سرفراز خان مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر اور دیگر افسران اجلاس میں موجودتھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹرز میں سازگار قدرتی ماحول یقینی بنایا جائے اور جھیلوں میں ایکو سسٹم اور حیاتیاتی تنوع پیدا کرنےکے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار پرندوں اور جنگلی  جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ فش اور شرمپ برآمد کرکے زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ مچھلی اور جھینگےکی فارمنگ میں اضافے کے لئے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے۔سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری جنوبی ہنجاب سرفراز خان مگسی نے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران 22 ترقیاتی منصوبوں کے لئے58کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کئے جبکہ جاری کردہ فنڈز کا 70 فیصد خرچ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ امسال شجرکاری کے تحت83لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور ٹارگٹ کا 73 فیصد حاصل کرلیا گیا ہے۔انہوں نےمزید بتایا کہ محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب نے 12ہزار طویل نہروں کے کناروں پر98 لاکھ پودے اور 15ہزار ایکڑ رقبہ پر 1کروڑ42 لاکھ پودے لگائے ہیں اور آم کی شجرکاری کا منفرد اقدام اٹھایا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ جنوبی پنجاب میں 135ایکڑ پر5 چڑیا گھر اور42ایکڑ پر 3 وائلڈ لائف پارک قائم ہیںجبکہ2وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹرز 1694ایکڑ رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں،فش ہیچریز سے2 کروڑ 6لاکھ مچھلی کے بچے فارمرز کو فراہم کئےگئے ہیں، پتیسر جھیل بحال کی جارہی ہے اور جنگلات کی ڈیجیٹل میپنگ کی جارہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ رکھ خانپور میں 292 ایکڑ رقبہ قبضہ مافیا سے واگزار کرایا گیا ہے۔سرفراز خان مگسی نے بتایا کہ بہاولپور اور رحیم یار خان میں4675 ایکڑ رقبے پرجنگلی حیات کی پناہ گاہ قائم ہے۔