پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کردیا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت

5

فیصل آباد ،26مئی(اے پی پی):فیصل آباد کے حلقہ این اے 107 سے پی ٹی آئی کے سابق ممبر قومی اسمبلی وڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب شیخ خرم شہزاد نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کردیاہے اور 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج  عقیدت پیش کیا ہے۔

جمعہ کی شام فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی چھوڑنے اور اس سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ 11 سال قبل سیاست میں آئے اور انہوں نے پہلے 2013 اور پھر 2018 کے انتخابات میں اپنی محنت سے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے 35سال سے اپنا کاروبار کررہے ہیں جبکہ بطور ممبر قومی اسمبلی انہوں نے حلقہ کے عوام کی بھرپور خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ 9 مئی کو کسی جلسے جلوس یا جلاؤ گھیراؤ میں شامل نہیں تھے جبکہ ان پر پارٹی چھوڑنے کیلئے بھی کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور وہ ملک چھوڑ کر باہر جانے کی بجائے یہیں پاکستان اور فیصل آباد میں رہیں گے۔

شیخ خرم شہزاد  نے کہا کہ 9 مئی کو پاک فوج کی تنصیبات، حساس اداروں کے دفاتر پر حملے، جناح ہاؤس کو آگ لگانے اور شہدا کے مجسموں و ان کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ نے انہیں بہت رنجیدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں نہ تو کسی پارٹی میں شمولیت کی کوئی دعوت ملی ہے اور نہ ہی وہ ابھی کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں تاہم اگر کبھی وقت آیا اور انہوں نے سیاست جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تو وہ اپنے دوست احباب اور حلقہ کے ووٹرز کی مشاورت سے ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ 13 سال پارٹی میں رہے  لیکن وہ  9 مئی کے دلخراش واقعہ کے بعد مزید پی ٹی آئی سے وابستہ نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارے سر کا تاج اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ جو لوگ 9مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہونی اور انہیں سزا ملنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر یہ بات دہراتے ہیں کہ وہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث نہیں تھے اور نہ ہی ایسے اقدام کا سوچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ کسی دباؤ کے بغیر پارٹی کا عہدہ اور پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کررہے ہیں تاہم وہ حلقے کے کارکنوں کی مشاورت کے ساتھ آئندہ کی سیاست بارے فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی اس بات سے اتفاق نہیں کرسکتے کہ افواج پاکستان کو نقصان پہنچایا جائے لہٰذااسی وجہ سے انہوں نے پارٹی کو چھوڑ دیا ہے۔

شیخ خرم شہزاد ننے کہا کہ ان کی کاروباری ساکھ کی گواہ بزنس کمیونٹی ہے کہ انہوں نے کبھی کسی منفی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا بلکہ ہمیشہ مثبت سوچ کا پرچار کیا۔انہوں نے ایک بار پھرشہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی فیملیز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔