سکھر،26مئی(اے پی پی): ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی پاک فوج کے حق میں ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر ریلی میں تمام سیاسی، مذہبی وسماجی جماعتوں اورتنظیموں سمیت تمام افراد کو بھرپور شرکت کی، ریلی سہ پہر 4.30 بجے جناح میونسپل اسٹیڈیم سے نکالی گئی۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے غیاث الدین قادری، صدر حاجی محمد یاسین سعیدی، و دیگر عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کےلئے جان نثار کرنے والے شہدائے وطن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ،شہدائے پاکستان کے مقدس خون سے بے وفائی اور غداری کرنےوالوں کو للکارتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام اور کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا، ایٹمی قوت کی حامل اسلامی ریاست کے خلاف سازشوں کے جال بننے والے ناکام اور نامراد ہوچکے ہیں، عوام نے اپنی قومی یکجہتی دکھا کر دشمن اور دشمن کے آلہ کاروں اور سہولت کاروں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ ہی عوام پاکستان کے دل ڈھڑکتے ہیں پاک فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہنے والی قوم کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ پاکستان کے عوام کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پاک فوج کی یادگار کی بے حرمتی اور توہین کوئی پاکستانی برداشت نہیں کرسکتا، عوام کو پاک فوج کے خلاف اکسانے کی حرکت ملک سے بے وائی اور غداری کے مترادف ہے۔











