چنیوٹ، 17 مئی (اے پی پی ): ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح چنیوٹ میں پاکستان آرمی کی حمایت میں معاون خصوصی وزیر اعظم چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ ایم این اے قیصر احمد شیخ کے پبلک سیکرٹریٹ میں ایک دعائیہ تقریب اور ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں عمائدین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
رمضان المبارک میں چنیوٹ بھر میں نماز تراویح سنانے والے حفاظ کرام نے ملکی سلامتی اور سالمیت کے لیے خصوصی طور پر قرآن پاک کی تلاوت اور دعائیں پڑھیں۔
آرمی چیف جنرل حافظ محمد عاصم منیر و پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی بھی نکالی گی جو انکے ڈیرے سے شروع ہو کر پارکنگ سٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء کے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور بینرز اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے نعرے درج تھے۔
قیصر احمد شیخ و دیگر شرکاء نے گزشتہ دنوں پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے آرمی تنصیبات کو جلائے جانے اور جلاؤ گھیراؤ کی شدید مذمت کی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔شرکاء نے پاک فوج کی تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاک فوج ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ہماری سرحدوں کی محافظ ہے۔
ایم این اے قیصر احمد شیخ نے خطاب کہا کہ ہم پاکستان آرمی کے ساتھ ہیں اور جو 9 اور 10 مئی کو ملک میں ہنگامہ آرائی ہوئی ہے انکو گرفتار کر کے قرار واقعہ سزا دی جائے۔











