ڈاکٹر شاہد اسحاق خان کیجانب سے  نشتر ہسپتال کو نئی جدید ترین لیزر مشین عطیہ کر دی  گئی

21

ملتان،16 مئی(اے پی پی ): نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کی کاوشوں سے نشتر میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹر شاہد اسحاق خان نے نئی جدید ترین لیزر مشین عطیہ کی ہے۔  ڈاکٹر شاہد اسحاق خان اسوقت امریکہ میں مقیم ہیں اور ماہر امراض دل کے طور پر کام کر رہے ہیں۔اس سے پہلے ڈاکٹر شاہد اسحاق خان نشتر کے شعبہ یورولوجی کو جدید خطوط پر ہم آہنگ کرنے کے لیے اینڈو سکوپ اور دیگر متعلقہ سامان عطیہ کر چکے ہیں۔ جدید لیزر مشین سے نئی ٹیکنالوجی سے گردہ و مثانہ کی پتھریوں کے علاج کی سہولت مہیا ہو گی۔

اس حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں لیزر مشین نشتر انتظامیہ کے حوالے کی گئی ۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اینڈو یورولوجی سنٹر کے قیام اور قیمتی آلات مہیا کرنے پر ڈاکٹر شاہد اسحاق خان کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا اور اس سنٹر کے قیام کو نشتر ہسپتال اور جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

آئندہ تین روز میں برطانیہ اور ملک کے دوسرے شہروں سے مشہور یورولوجسٹ نشتر ہسپتال میں لیزر کے ذریعے گردہ و مثانہ کے آپریشن کریں گے اور جونیئرز ٹرینی ڈاکٹرز کو لیزر کے استعمال اور مہارت حاصل کرنے میں عملی اقدامات کریں گے ۔

تقریب میں ڈاکٹر آصف عمران ہیڈ آف یورولوجی ڈیپارٹمنٹ، سابق پروفیسر ڈاکٹر رفیق انجم و دیگر نے شرکت کی۔