پشاور،15 مئی(اے پی پی): گورنرخیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے نو تعینات کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹبلری معظم جاہ انصاری نے پیر کو یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور فرنٹیئر کانسٹبلری کے پیشہ ورانہ خدمات سے گورنر کو آگاہ کیا۔
گورنر نے معظم جاہ انصاری کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن وامان برقرار رکھنے میں فرنٹیئر کانسٹبلری کے کردار کو سراہا۔
گورنر نے کہا کہ پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی دفاع، امن واستحکام کیلئے سیکورٹی فورسز اور دفاعی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور دفاعی اداروں پر ہرپاکستانی کوفخر ہے،امن وامان اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز اور دفاعی اداروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔گورنرنے معظم جاہ انصاری کی پیشہ ورانہ اورقائدانہ صلاحیتوں کوبھی سراہا۔
کمانڈنٹ فرنٹیئرکانسٹبلری نے گورنرکا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ جس جذبے، محبت اورخلوص سے آپ نے فرنٹیئرکانسٹبلری اوردفاعی اداروں کوخراج تحسین پیش کیا یہ ہمارے لئے اعزاز سے کم نہیں اور انشاء اللہ امن کی بحالی اور ملکی ترقی کیلئے فرنٹیئرکانسٹبلری اپنااہم کردار اداکرتی رہے گی۔











