لاہور،15مئی (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پیر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے ہسپتال کے مختلف وارڈزکا دورہ کیااور طبی سہولتوں کاجائزہ لیا۔انہوں نے شرپسندوں کے حملوں سے پولیس کے ز خمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کیاور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
محسن نقوی نے پولیس کے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا،انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ائیر بیس پربہادری سے دہشت گردوں کاحملہ ناکام بنایا۔ قوم کو آپ پر فخر ہے اور آپ قوم کے ہیرو ہیں،جنہوں نے سیاست کی آڑ میں دہشت گردی کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
محسن نقوی نے ہسپتال میں زیر علاج دیگر مریضوں کی بھی عیادت کی اوران کے تیمارداروں سے دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،کمشنر سرگودھا ڈویژن،آرپی او سرگودھا، ڈپٹی کمشنر وڈی پی او میانوالی بھی اس موقع پر موجود تھے۔











