ہاکی جونیئر ایشیاء کپ ، پاکستان نے پہلے میچ میں چائنیز تائپے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دیدی

30

صلالہ،23مئی(اے پی پی):جونیئر ہاکی ایشیاء کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں چائنیز تائپے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-15 سے شکست دے دی ، سفیان خان اور عبدالحنان شاہد نے ہیٹ ٹرک سکور کی ۔

  ہاکی جونیئر ایشیاء کپ عمان کے شہر صلالہ میں شروع ہوا۔  ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز پاکستان نے اپنے پہلے پول میچ میں چائنیز تائپے کو آؤٹ کلاس کر دیا اور مقابلہ باآسانی 1-15 سے جیت کر پہلی فتح سمیٹ لی ۔ پاکستان کی طرف سے سفیان خان اور عبدالحنان شاہد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تین ، تین گول کئے ، ارباز احمد نے دو جبکہ بلال اکرم ، عبدالقیوم، عبدالرحمن ، بشارت علی ، ارشد لیاقت ، ذکریا حیات اور مرتضیٰ یعقوب نے ایک ، ایک گول کیا ، چائنیز تائپے کی جانب سے واحد گول جولین نے سکور کیا ۔

سفیان خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، پول اے کے ایک اور میچ میں جاپان نے تھائی لینڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں سات گول سے کامیابی حاصل کی ، واضح رہے پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ ( کل ) بروز بدھ کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی ۔