گوجرانوالہ،28مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور اسکے فسادی جھتوں نے 9 مئی کو ملک میں فساد برپا کیا،ہم ملک توڑنے والوں کے ساتھ نہیں ہیں،ہم تعمیر کرنے والوں کے ساتھ ہیں،تعمیر کرنے والوں میں ہماری افواج ہے،جس کے سپاہی آج بھی سرحدوں پر کھڑے ہیں، یہی افواج سب سے پہلے پاکستان کے ایٹمی قوت کی محافظ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام یوم تکبیر کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔یوم تکبیر کا کیک وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کاٹا۔وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ نواز شریف کی تاریخی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، ایٹمی دھماکے کیے 25 سال ہو گئے ہیں اور ہم آج 25 واں یوم تکبیر منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب مشکل وقت آیا فیصلہ کرنے کا تو نواز شریف نے ثابت کیا کہ وہ شیر ہیں،امریکا نے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کر کے ایٹمی طاقت کو روکنے کی کوشش کی تاہم وہ نا مانے۔
خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے سلسلہ میں وہ سب سے مشکل ترین دور تھا، 1998 میں نواز شریف نے ہندوستان کے 5 دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 6 دھماکے کیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم جرات مند غیرت مند ہے، ہندوستان کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی،عمران خان نے مودی کے کشمیر کے قبضے کے الزام میں کمزوری اور بزدلی دیکھائی۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ نواز شریف کا شیر ہونا پاکستان کی تاریخ میں لکھا جا چکا ہے، یوم تکبیر اور یوم جمہوریہ پاکستان کی تاریخ کے ایسے دن ہیں جو میری اور آپکے بچوں کی میراث ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دو عزائم تھے جس میں اسکو ناکام کیا گیا، فوج پر حملے کر کے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی،9 مئی کو جو سازش کی گئی اسکے پچھے عمران خان کے بہت گھناونے عزائم تھے،صرف جناح ہاوس لاہور نہیں،ایم ایم عالم،ریڈیو پاکستان پر بھی آگ لگائی گئی،عمران خان دنیا کو پیغام دے رہا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ نہیں ہیں،کچھ لوگ 1998 سے کوشش کر رہے تھے کہ پاکستان سے اسکے ایٹمی اثاثے چھین لیے جائیں،عمران خان انکو مضبوط کر رہا تھا۔
خرم دستگیر خان نے کہا کہ عمران خان اپنے اس گھناؤنے مشن میں ناکام ہوا، ہمارے قائدین جن کو عمران خان نے جیلوں میں ڈالا وہ آج تک بولے نہیں ہیں ،ان پر بیہمانہ تشدد ہوئے لیکن وہ اپنے قائد کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں ، کیا انکے بچے نہیں ہیں ،انکے خاندان نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناصرف فوج بلکہ پاکستان کے ہر فرد نے پاکستان کو مضبوط کرنے کے لیے قربانی دی ہے ۔











